اہم خبریں

حماس غیرمسلح ہونے پر راضی، صدر ٹرمپ کا بورڈ آف پیس منصوبے کا اعلان

جولائی 31, 2026

حماس غیرمسلح ہونے پر راضی، صدر ٹرمپ کا بورڈ آف پیس منصوبے کا اعلان

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس غزہ میں حماس اور دیگر مسلح گروہوں کے ’غیر مسلح ہونے‘ کے حوالے سے ایک معاہدے پر پہنچ گیا ہے۔

حماس کے ایک سینیئر عہدیدار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ ان کی تنظیم غزہ میں مکمل غیر مسلح ہونے کے بورڈ آف پیس کے منصوبے سے متفق ہے اور اس بارے میں جلد ایک باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا۔
اسرائیل کی جانب سے تاحال اس پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل ان تنظیموں کے غیر مسلح ہونے کا عمل مکمل ہونے پر غزہ سے اپنی افواج واپس بلا لے گا۔ انھوں نے اس معاہدے کو ’غزہ کے بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے تحت انتظام چلائے جانے کی جانب ایک اہم قدم‘ قرار دیا۔

امریکہ کی ثالثی میں تیار کیے گئے غزہ جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے میں حماس کا غیرمسلح ہونا شامل ہے۔ اس مرحلے میں غزہ کی تعمیرِ نو بھی شامل ہے۔

بی بی سی کے مطابق حال ہی میں صحافیوں کے ساتھ ایک بریفنگ کال کے دوران امریکی حکام سے پوچھا گیا کہ وہ اس بات کے بارے میں کتنے پُرامید ہیں کہ حماس کے غیر مسلح ہونے کے بعد اسرائیل غزہ سے انخلا پر رضامند ہو جائے گا۔

ایک امریکی عہدیدار نے جواب میں کہا: ’ہم اسرائیل سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کر رہے، بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ وہ اسی 20 نکاتی منصوبے پر عمل کرے جس سے وہ ابتدائی طور پر اتفاق کر چکا ہے۔ اس لیے ہمیں پورا اعتماد ہے کہ وہ اس کی پابندی کرے گا۔‘

امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے 20 نکاتی منصوبے کے تحت غزہ سے اپنی فوج نہیں نکالی تو صدر ٹرمپ ’بہت مایوس‘ ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیل آئندہ بھی ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر کام کرتا رہے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے