سوٹ کیس میں لاش، یونان میں سکاٹش خاتون کے قتل کے الزام میں افغان شہری گرفتار
یونان میں حکام نے ایک سکاٹش خاتون کی موت کے بعد ایک افغان شہری کو گرفتار کیا ہے؛ مذکورہ خاتون کی لاش وسطی ایتھنز کی ایک ویران عمارت میں سوٹ کیس کے اندر ملی تھی۔
38 سالہ الزبتھ جین راس ایک فلاحی کارکن تھیں اور اُن کی دوستوں نے بتایا کہ وہ "معصومیت اور نیکی کا پیکر فرشتہ” شخصیت تھیں-
الزبتھ تقریباً تین ہفتوں سے یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں مقیم تھیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ اسی دوران ان کی موت واقع ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص 26 سالہ افغان شہری ہے جس نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
ملزم کو گزشتہ جمعرات کو یونان کے شعبہ تفتیشِ قتل (homicide division) کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا تھا؛ یہ پیش رفت الزبتھ راس کی لاش کی شناخت ہونے کے دو دن بعد ہوئی تھی۔
اتوار کو پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ "ایک 26 سالہ غیرملکی شہری کے خلاف قتل، ڈکیتی اور اسلحہ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔”
غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام کی وضاحت کرتے ہوئے سکیورٹی حکام نے بتایا کہ مشتبہ شخص کے گھر سے "مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا”-
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گھر بھی شہر کے اسی علاقے ‘کیپسیلی’ (Kypseli) میں واقع ہے جہاں لاش ملی تھی۔

