نسلی توہین آمیز لفظ کے استعمال پر کینیڈا میں ریجنل پولیس کے ڈپٹی چیف ریٹائر، تحقیقات میں الزام ثابت
نورالامین
اونٹاریو کی ڈرہم ریجنل پولیس کے ڈپٹی چیف کرس کرک پیٹرک نے نسلی طور پر توہین آمیز لفظ کے مبینہ استعمال سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ اختیار کر لی۔
آزاد تحقیقاتی ادارے Law Enforcement Complaints Agency (LECA) نے اپنی رپورٹ میں ان کے طرزِ عمل کو کمیونٹی سیفٹی اور پولیسنگ ایکٹ کے تحت مس کنڈکٹ یعنی بدانتظامی یا ضابطہ اخلاق کے خلاف قرار دیا تھا-
اس رپورٹ کے بعد ڈرہم ریجنل پولیس سروس بورڈ اور کرک پیٹرک کے درمیان باہمی اتفاق سے ملازمت کا خاتمہ کر دیا گیا۔
یہ معاملہ فروری 2025 میں پولیس کے Afro-Caribbean Canadian Internal Support Network کے ایک داخلی اجلاس سے متعلق ہے، جہاں کرک پیٹرک پر نسلی طور پر توہین آمیز لفظ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران انہیں تنخواہ کے ساتھ معطل رکھا گیا۔
اگرچہ پولیس بورڈ اور LECA نے اپنے سرکاری بیانات میں استعمال کیے گئے مخصوص لفظ کی نشاندہی نہیں کی، تاہم ایجیکس کے ڈپٹی میئر اسٹرلنگ لی نے دعویٰ کیا کہ اجلاس کے دوران N-word استعمال کیا گیا تھا۔
پولیس بورڈ کا کہنا ہے کہ ڈرہم ریجنل پولیس میں پیشہ ورانہ، باعزت اور امتیاز سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

