پاکستان کے حکومتی قرضے میں ساڑھے سات فیصد اضافہ، مجموعی قرض 837 کھرب
پاکستان کی وفاقی حکومت کے قرضوں میں مالی سال 2025-26 کے دوران 57 کھرب روپے سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور جون 2026 کے اختتام پر یہ 836 کھرب روپے تک پہنچ گیا تھا۔
پاکستان کے ریاستی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اختتام پر حکومت کا مجموعی قرض 779 کھرب روپے کے لگ بھگ تھا، جس میں ایک سال کے دوران تقریبا ساڑھے سات فیصد اضافہ ہوا۔
ماہانہ بنیادوں پر بھی جون میں حکومتی قرض میں 3.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ مالی سال میں حکومتی قرض میں اضافے کی بڑی وجہ ملکی قرضوں میں اضافہ تھا۔
اس عرصے کے دوران ملکی قرض 9.1 فیصد بڑھا، جبکہ بیرونی قرض میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا۔
جون 2026 کے اختتام پر حکومت کا ملکی قرض 59440 ارب روپے تھا، جو ایک سال پہلے 54470 ارب روپے تھا۔ صرف ایک ماہ کے دوران ملکی قرض میں 3.24 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب حکومت کے بیرونی قرضوں میں بھی گذشتہ مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران بیرونی قرض 242 کھرب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جون 2025 کے اختتام پر یہ 234.20 کھرب روپے تھا۔