چار دن تک پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے سیلاب کا خدشہ: محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکموں (پی ڈی ایم اے) مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کیا ہے-
دونوں صوبوں میں حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 16 اگست کی رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ 17 سے 20 اگست کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ ، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق بارشوں کے نیے سلسلہ کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال میں بھی اس دوران بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے کون سے اضلاع میں سیلاب کا خطرہ؟
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر الرٹ میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بھی بارش متوقع ہے۔
اعلامیے میں مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بتایا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
اعلامیے کے مطابق شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کی گرج چمک و طوفانی صورتحال کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔

