سابق وزیراعظم کو ’شدید بے چینی کا مرض لاحق‘، عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت اور اُن سے ملاقاتوں کے لیے دائر درخواست کی منگل کو سپریم کورٹ میں سماعت ہو رہی ہے-
سماعت سے قبل اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی میڈیکل رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان میں بے چینی اور گھبراہٹ کی ’شدید‘ علامات پائی جا رہی ہیں۔ تاہم سابق وزیراعظم کی ای سی جی نارمل، سینہ صاف اور دل کے والوز و چیمبرز نارمل قرار دیے گئے۔
طبی رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کے لیے روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی اور کچھ دیر ذہنی سکون کی سرگرمیاں تجویز کی ہیں۔
عمران خان تین سال سے جیل میں قید ہیں اور انھیں 190 ملین پاؤنڈز کیس سمیت متعدد مقدمات کا سامنا ہے جن میں سے کچھ میں سزا ہو چکی ہے جبکہ بعض میں سزا معطل ہے۔
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے پیر کو سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی طبی رپورٹ میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے مختلف تفصیلات شامل ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو لیول تھری پلس کی اینزائٹی یعنی شدید بے چینی کا سامنا ہے۔
اڈیالہ جیل کے حکام نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ عمران خان کا آخری مرتبہ طبی معائنہ 10 اگست 2026 کو میڈیکل بورڈ نے کیا تھا اور اس میڈیکل بورڈ میں آنکھوں، امراضِ قلب اور میڈیسن کے ماہر ڈاکٹرز شامل تھے۔
سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی عمر تقریباً 73 سال ہے اور طبی معائنے کے دوران عمران خان کا بلڈ پریشر 140/80 جبکہ نبض 54 فی منٹ ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان نے سر میں بوجھل پن اور دل کی دھڑکن تیز محسوس ہونے کی شکایت کی، تاہم میڈیکل رپورٹ کے مطابق سینے میں درد، بھاری پن یا سانس پھولنے کی شکایت نہیں۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے بلڈ پریشر اور بے چینی پر قابو پانے کے لیے ادویات تجویز کی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عمران خان کی صحت کے بارے میں جاننے کے لیے سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بینچ کر رہا ہے-
گزشتہ ہفتے سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اُن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عمران خان سے ملاقاتوںاور ان کی صحت سے متعلق دائر کی گئی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا جس کی وجہ سے احتجاج ملتوی کیا جا رہا ہے-
سلمان اکرم راجہ کی درخواست میں سابق وزیراعظم کی صحت کے بارے میں خدشات اور ان سے ملاقات پر لگائی جانے پابندیوں کا بھی ذکر ہے۔
درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے وقت عدالتی نوٹس پر اڈیالہ جیل کے حکام نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے طبی رپورٹ پیر کو جمع کرائی-