دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، امریکی پولیس کی دلچسپ ’کیموفلاج کارروائی‘
امریکی ریاست نیو جرسی میں موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ایسا آپریشن کہ سڑک کنارے کھڑی ’جھاڑی‘ بھی پولیس اہلکار نکلی-
امریکی ریاست نیو جرسی میں پولیس نے دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کو پکڑنے کے لیے ایسا انوکھا حربہ آزمایا کہ ڈرائیور بھی حیران رہ گئے۔
سڑک کنارے موجود ایک عام سی جھاڑی دراصل جھاڑی نہیں بلکہ پولیس اہلکار تھا، جس نے خود کو مکمل طور پر سبز لباس میں کیموفلاج (چھپا) کر رکھا تھا۔ ڈرائیور گزرتے رہے، موبائل فون استعمال کرتے رہے اور انہیں اندازہ ہی نہ ہوا کہ ان پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
یہ کارروائی نیو جرسی کے علاقے Dunellen میں North Washington Avenue پر کی گئی۔ پولیس اہلکار نے Ghillie Suit پہن رکھا تھا، جس کی مدد سے وہ دور سے مکمل طور پر جھاڑی دکھائی دے رہا تھا۔
پولیس کی تقریباً چھ گھنٹے جاری رہنے والی کارروائی کے دوران 74 ڈرائیوروں کو چالان کیا گیا۔
کارروائی میں ایک اور اہلکار بھی منفرد انداز میں نظر آیا، جس کے لباس پر نمایاں الفاظ میں “Not A Cop” یعنی ’’پولیس والا نہیں‘‘ لکھا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ ڈرائیوروں کو یہ احساس دلانا تھا کہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
بعد ازاں پولیس نے واضح کیا کہ جھاڑی نما لباس بنیادی طور پر تصویر اور آگاہی مہم کے لیے استعمال کیا گیا تھا، جبکہ اصل کارروائی کے دوران اہلکاروں نے دیگر طریقوں سے بھی نگرانی کی۔
امریکی پولیس کی اس انوکھی کارروائی نے سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرلی۔

