فیس بُک کے مالک زکربرگ نے 200 سال پرانا تاریخی قلعہ خرید لیا
فیس بک کی مالک کمپنی میٹا (Meta) کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ نے آئرلینڈ کے جنوب مشرق میں دریا کے کنارے واقع 19ویں صدی کا گوتھک طرزِ تعمیر کا حامل قلعہ خرید لیا ہے-
اس خریداری کی تصدیق ایک بیان میں جمعرات کو کمپنی کے ترجمان نے کی-
یہ مقام زکربرگ کی کمپنی کے یورپی ہیڈ کوارٹرز سے 200 کلومیٹر (125 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔
سرکاری تعمیراتی ریکارڈ کے مطابق ‘سٹرانکلی کیسل’ (Strancally Castle) سنہ 1830 کے آس پاس دریائے بلیک واٹر کے کنارے زمین پر تعمیر کیا گیا تھا اور 2003 میں اس کی بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کی گئی تھی۔
یہ سودا آئرلینڈ کے سرکاری پراپرٹی پرائس رجسٹر میں درج نہیں ہے۔ ’دی آئرش ٹائمز‘، جس نے سب سے پہلے اس خریداری کی خبر دی تھی، کا اندازہ ہے کہ اس جائیداد کی مالیت 20 ملین سے 30 ملین یورو کے درمیان ہو سکتی ہے۔
زکربرگ کے ترجمان نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان "اس تاریخی گھر کی دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور آئرلینڈ میں وقت گزارنے کے منتظر ہیں۔”
مارک کی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا آئرلینڈ میں تقریباً 1,500 افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے؛ یہ وہ ملک ہے جہاں امریکہ کی کئی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں (ملٹی نیشنلز) اپنے یورپی ہیڈ کوارٹرز قائم کیے ہوئے ہیں، جس کی ایک وجہ وہاں کا سازگار ٹیکس نظام ہے۔

