عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل نہ کیے جانے پر پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی حکم عدولی پر اسلام آباد کے چیف کمشنر و دیگر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی اور اس میں وزارت داخلہ کے انچارج محسن نقوی کے بجائے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے حکم کی خلاف ورزی کے خلاف سنیچر کو سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے، جسے باقاعدہ طور پر دائری نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق اس مقدمے میں عزیر بھنڈاری ایڈووکیٹ وکیل ہیں جبکہ توہینِ عدالت کی درخواست سے متعلق کارروائی کے تمام پہلوؤں کی پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ذاتی طور پر نگرانی کی۔
توہینِ عدالت کی درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں توہینِ عدالت کے مرتکب افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ذاتی حاضری کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست دائر کرنے کے بعد پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالتوں کے ساتھ عوامی رابطہ مہم بھی جاری ہے اور ستمبر میں حکومت مخالف ریلی کے لیے بھی تیاریاں جاری ہیں-