دورانِ پرواز لیپ ٹاپ میں آگ لگنے سے مسافر زخمی، امریکن ایئرلائن کی بحفاظت لینڈنگ
امریکن ایئرلائنز کی پرواز میںلیپ ٹاپ میں آگ لگنے سے ایک مسافر زخمی ہو گیا تاہم پرواز بحفاظت لینڈ کر گئی۔
ریاست اٹلانٹا سے جارجیا جانے والی پرواز کو ٹیکساس کے ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرانے کے بعد ایک مسافر کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں اسے جانے کی اجازت دے دی گئی۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی کہ ’طیارے کے پچھلے حصے میں کیبن میں آگ لگی ہوئی ہے اور کہا کہ فلائٹ اٹینڈنٹس اس وقت اسے بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو مزید بتایا کہ ’میرا خیال ہے کہ تقریباً چار سے پانچ مسافر لیپ ٹاپ سے جھلس گئے ہیں۔‘
ایئرلائن نے بیان میں کہا کہ پرواز کے دوران ایک مسافر کے آلے سے دھواں اٹھنے کی اطلاعات کے بعد بحفاظت لینڈ کر گئی۔ ہم اپنے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل پر ان کے شکر گزار ہیں، جنھوں نے تیزی سے آلے کے دھویں پر قابو پا لیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) خبردار کرتا ہے کہ لیتھیم بیٹریاں، جن میں لیپ ٹاپ کی بیٹریاں بھی شامل ہیں، مختلف عوامل کے نتیجے میں حد سے زیادہ گرم ہو سکتی ہیں، جن میں بیٹری کا خراب ہونا، زیادہ گرم ہونا، پانی کے سامنے آنا، حد سے زیادہ چارج ہونا یا غلط طریقے سے پیک کیا جانا شامل ہے۔
ایف اے اے کے مطابق رواں سال اب تک دھوئیں، آگ یا انتہائی زیادہ حرارت سے متعلق لیتھیم بیٹریوں کے 58 تصدیق شدہ فضائی واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ گذشتہ 20 برسوں میں سب سے زیادہ واقعات بیٹری پیکس سے متعلق تھے، جبکہ 84 واقعات لیپ ٹاپس کے ریکارڈ کیے گئے۔

