امریکہ و ایران بلواسطہ رابطے، پاکستان کے آرمی چیف اور وزیر داخلہ تہران میں
پاکستان کے آرمی چیف اور وزیر داخلہ امریکہ و ایران کے درمیان بلواسطہ رابطوں کے سلسلے میں بات چیت کے لیے تہران پہنچے ہیں-
پیر کی دوپہر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ ’چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران روانہ ہو گئے ہیں۔‘
اس سے قبل ایران کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایک وفد کے ہمراہ تہران کا دورہ کریں گے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ دورہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر دورۂ ایران کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے پُرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے سے متعلق اہم ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘