’تنقید سے نہیں گھبراتا‘ سے ’یہ احمق آدمی کون ہے‘ تک، پاکستان کرکٹ بورڈ خبروں میں
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران کیے گئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے دفاع کرنے پر آن لائن شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں آسٹریلوی کرکٹ کمنٹیٹر جم میکسویل کا ردعمل بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ احمق آدمی کون ہے-
انہوں نے یہ تبصرہ اس پوسٹ پر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ محسن نقوی تنقید سے نہیں گھبراتے-
دوسرے جانب پی سی بی کے چیئرمین کی برطانوی بادشاہ چارلس کے ساتھ تصویر اور کھلاڑیوں کو پس منظر میں دھکیلنا بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے-
پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کا ناقدین کو جواب
جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں محسن نقوی نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا مجھے بہت دکھ ہے۔‘
محسن نقوی نے سکواڈ میں تبدیلیوں کے حوالے سے کہا کہ ’انگلینڈ میں جو کچھ کیا (اس کے بعد یہ) ضروری تھا۔ پرفارمنس کے علاوہ دیگر فیکٹرز بھی ہیں۔ فی الحال اس معاملے کو علیحدہ سے دیکھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’جو لوگ مجھ پر تنقید کرتے ہیں، کرکٹ انھی کے آنے سے تباہ ہوئی۔ لوگوں کی تنقید پر نہیں جاؤں گا، تنقید کرنے والے کبھی کہتے ہیں کہ اس کو نکال دو، کبھی کہتے ہیں اسے کیوں کھلایا، تنقید سے نہ گھبرایا ہوں نہ گھبراتا ہوں۔ ان کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا جنھوں نے خود کچھ نہیں کیا۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا ’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہماری پرفارمنس بہت خراب ہے، کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھیں، ان کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے۔ دیکھیں پہلے ہماری کیا رینکنگ تھی، آج ہم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں اور ٹی 20 میں چھٹے نمبر پر کھڑے ہیں۔‘

