پاکستانی فوج کا افغانستان کی سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں 15 مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ
پاکستان کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کی سرحد کے نزدیک شمالی وزیرستان میں ایک کارروائی کے دوران 15 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کے نزدیک پاکستان۔افغانستان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ ملا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے اس گروہ کے خلاف کارروائی کی جو کہ 36 گھنٹوں تک جاری رہی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں 15 مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بعد ازاں علاقے میں کی جانے والی سرچ اور کلیئرنس کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں اور ان کی مبینہ معاونت کرنے والوں کے کردار کے بارے میں مزید شواہد سامنے آئے ہیں۔

