بھاری ٹیکس، پاکستان میں پانچ دن میں پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر مہنگا
پاکستان میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر بھاری سرکاری ٹیکسوں کی وجہ سے تیل مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ دن کے دوران بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
پانچ ستمبر کے مقابلے میں 10 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت 21.88 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 14.62 روپے فی لیٹر بڑھ چکی ہے۔
عالمی منڈی میں تیل مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست بوجھ پاکستان میں عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے اور 15 دن بعد تبدیل کی جانے والی قیمتوں کو اب روزانہ کی بنیاد پر بڑھایا جا رہا ہے-
10 ستمبر 2026 سے پٹرول کی قیمت 367.75 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 392.67 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ایک دن قبل 9 ستمبر کو پٹرول 364.35 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 385.95 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ جبکہ 8 ستمبر کو پٹرول کی قیمت 358.77 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 381.77 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
اس سے پہلے 5 ستمبر کو پٹرول 345.87 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 378.05 روپے فی لیٹر کا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق 5 ستمبر سے 10 ستمبر کے درمیان پٹرول کی قیمت میں 21.88 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14.62 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔

