نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست
Reading Time: < 1 minuteجنوبی افریقہ نے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔ ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح اس نے جنوبی افریقہ کے سامنے جیتنے کے لیے 81 رنز کا آسان ہدف رکھا جسے جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہاشم آملہ نے 38 اور جے پی ڈومنی نے 15 رنز بنائے اور دونوں آوٹ نہیں ہوئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم ہنری نکولس کی سنچری (118) کے باوجود صرف 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں ڈومینی نے چار جبکہ مورکل، رباڈا اور مہاراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز آچھا نہ تھا لیکن ٹیمبا بووما (89) اور وکٹ کیپر بیٹس مین ڈی کاک (91) کی عمدہ اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے 359 رنز بنائے اور 91 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانڈھوم اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ دو کٹیں ٹم ساؤدی کے حصے میں آئیں۔
ڈونیڈن میں کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا میچ ڈرا رہا تھا ۔