بنگلہ دیش کی تاریخی فتح
Reading Time: < 1 minuteبنگلہ دیش نے سری لنکا کو چاروکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں مہمان ٹیم نے کامیابی حاصل کی ۔ یہ بنگلہ دیش کا 100 واں ٹیسٹ میچ تھا اور انھوں نے جیت کے ساتھ اسے یادگار بنا دیا۔ بنگلہ دیش کی فتح میں آل راؤنڈر شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال نے کلیدی کردار ادا کیے۔ تمیم اقبال کو دوسری اننگز میں ان کی عمدہ اننگز کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ مین آف دا سیریز کا اعزاز شکیب الحسن کو ملا۔ میچ کے پانچویں روز میزبان سری لنکا کا ٹیم 338 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا جسے انھوں نے چھ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انھوں نے اپنی پہلی اننگز میں دنیش چندی مل کی سنچری (138) کی بدولت 338 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش نے بہتر آغاز کیا اور ان کی پہلی وکٹ 95 رنز پر گری جبکہ آل راؤنڈر شکیب الحسن نے سنچری (116) بنا کر ٹیم کو 129 رنز کی اہم سبقت دلائی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے مجموعی طور پر 467 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں سری لنکا نے اوپنر کرونارتنے کی عمدہ سنچری اور بولر پریرا کی نصف سنچری کی بدولت مجموعی طور پر 319 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ شکیب الحسن نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمان کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل گالے میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے 259 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔