پاکستان

طاقت صرف اللہ کے پاس

جولائی 5, 2017 2 min

طاقت صرف اللہ کے پاس

Reading Time: 2 minutes

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما فیصلے پر تفتیش کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے بعد کہا ہے کہ اس تحقیقات کرنے والے بھی نہیں جانتے کہ الزامات ہیں۔ مریم نواز مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئیں جہاں دو گھنٹے تک ان سے سوالات کیے گئے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ تمام سوالوں کے جوابات دے آئی ہیں اور انھوں نے آج وہ قرض بھی اتارے ہیں جو ان پر واجب بھی نہیں تھے۔

مریم نے کہا کہ جو کچھ پوچھا گیا اس کا جواب دیا۔ لیکن میں نے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے کہا کہ میرا بھی ایک سوال ہے کہ یہ بتائیے کہ ہم پر الزام کیا ہے۔ مریم نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم کے پاس ان کے سوال کا جواب نہیں تھا۔ وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ ہمیں جھکانے اور رلانے کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہے ۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں الزامات لگتے ہیں پھر تحقیقات ہوتی ہیں یہ پہلی جے آئی ٹی ہے جو بنی پہلے اور الزام اب ڈھونڈ رہی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے فیصلے اور حکم نامے میں ان کا نام نہیں تھا لیکن وہ پاکستان کی بیٹی اور ملک میں برسراقتدار وزیر اعظم کی بیٹی ہونے کے حیثیت سے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئیں۔

مریم نواز نے ڈان لیکس کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس وقت بھی میرا نام اچھالا گیا اور بنیادی مقصد ملک کے وزیراعظم پر دباؤ ڈالنا تھا۔ مریم نے کہا کہ اس کا مقصد ایک باپ کو بیٹی کے نام پر کمزور کرنا ہے۔ نواز شریف کی بیٹی کو اس کی کمزوری سمجھنے والے اسے اس کی طاقت پائیں گے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم بھی استثنیٰ کا سہارا لے کر بچ سکتے تھے۔ مگر ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا۔ چھ ماہ سپریم کورٹ میں کیس چلا کچھ نہیں نکلا۔ جے آئی ٹی میں آ کر مجھے احساس ہوا کے ان کے پاس بھی کچھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی کی تحقیقات کا محور ان کے خاندان کا دہائیوں قبل کا کاروبار ہے اور پاکستان کے تمام ہی بڑے بڑے منصوبوں پر مسلم لیگ نواز کی مہر ہے مگر ان تمام منصوبوں میں ایک پائی کی بدعنوانی کا الزام نہیں لگا۔ مریم نے کہا کہ رہی بات خاندانی کاروبار کی۔ ساٹھ یا ستر اور اسی کی دہائی میں خاندان کے کاروبار سے متعلق سوال ہو رہے ہیں۔ اس میں اگر عوامی پیسہ شامل ہو تو اس کا جواب دینا بنتا ہے۔ لیکن ذاتی کاروبار پر نہ تو سوال کیا جا سکتا ہے اور نہ اس کا جواب دینا ضروری ہے۔ مریم نواز کی پیشی پر شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور بھائی حسن اور حسین نواز ان کے ہمراہ تھے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے