پاکستان چیمپیئن بن گیا
Reading Time: < 1 minuteمحمد آصف اور بابر مسیح نے مصر میں ہونے والی عالمی ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہم وطن محمد سجاد اور اسجد اقبال کو شکست دے کر سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی۔ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں پاکستان سے تعلق رکھتی تھیں۔
محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ٹیم ون کو 4-5 کے سکور سے شکست دی۔ پاکستان ون ٹیم میں محمد سجاد اور اسجد اقبال شامل تھے۔ سیمی فائنل میں پاکستان ون نے ویلز کو چار صفر سے شکست دی تھی اور پاکستان ٹو نے بھی اسی سکور سے آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ جیتی ہے۔ پاکستان نے اس سے پہلے سنہ 2013 میں آئرلینڈ میں ہونے والی ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ کے فائنل میں ایران کوشکست دی تھی۔ واضح رہے کہ سنوکر پاکستان کے ان چار کھیلوں میں شامل ہے جن میں وہ عالمی چیمپیئن بنا ہے۔ پاکستان کے سنوکر کھلاڑی محمد یوسف نے 1994 میں اور محمد آصف نے سنہ 2012 میں سنوکر کا عالمی انفرادی اعزاز جیت چکے ہیں۔