ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا کارنامہ
Reading Time: < 1 minuteامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت پوری دنیا میں زیر بحث ہیں، صدر بننے سے پہلے بھی وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہر وقت متحرک رہتے تھے، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا جیسے ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر سے دوری اختیار نہیں کی، بلکہ اس کے استعمال میں شدت لائی ہے_ ابتدائی چند ماہ کے دوران جب اس کے اسٹاف کے لوگ صبح دفتر پہنچتے تو ان کو صدر کی رات کے وقت کی گئی ٹویٹس پر عمل درآمد کرنا پڑتا _ صدر ٹرمپ کو سوشل میڈیا کے ذریعے سرکاری احکامات دینے اور حکومت چلانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن انہوں نے پروا نہ کی _ اب وقت گزرنے کے ساتھ صدر ٹرمپ پر ملک کے اہم افراد نے ٹوئٹر کے ذریعے ہی تنقید شروع کی ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ کی برداشت جواب دے گئی ہے _ ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلسل تنقید کے ٹویٹس سے تنگ آ کر امریکی مصنف اور ڈرامہ نگار اسٹیفن کنگ کو ٹوئٹر پر بلاک کر دیا ہے، اسٹیفن کنگ کے ٹوئٹر پر چھتیس لاکھ مداح یعنی فالوورز ہیں _ کنگ نے کہا ہے کہ وہ جوابی کارروائی کے طور پر ایسا طریقہ اپنانے پر مجبور ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس کی سسپنس والی نئی ڈرامہ سیریل نہ دیکھ سکیں اور وہ ٹرمپ پر اپنی فلموں کو بلاک کر دیں گے _ کنگ نے پچھلے کچھ دنوں سے ٹرمپ کے خلاف سخت ٹویٹس کی ہیں اور اسے پاگل قرار دیا ہے_