مشہور ترین عالم پر سنگین الزامات
Reading Time: 2 minutesسوشل میڈیا ویب سائٹس پر پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے کپڑوں اور سگریٹ نوشی کی کہانی پرانی ہو گئی ہے ۔
نئی کہانی امریکا میں قیام پذیر مشہور ترین مبلغ نعمان علی خان کی سامنے آئی ہے جن پر ان کی شاگرد کئی خواتین نے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں ۔
نعمان علی خان کو بیس برس سے جاننے والے ایک امریکی عالم عمر ایم مظفر نے شکاگو سے ریڈٹ ڈاٹ کام پر ان الزامات کے حوالے سے طویل تاثرات قلمبند کیے ہیں اور کہا ہے کہ معاملے کی تحقیق کی جا رہی ہے تاہم نعمان علی سے ان کی دیرینہ رفاقت ہے مگر وہ تعاون نہیں کر رہے ۔ ان تاثرات پر کمنٹس میں چھ سو افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ نعمان علی نے معاملے کو شہرت خراب کرنے کی کارروائی قرار دیا ہے ۔
واضح رہے کہ نعمان علی یورپ اور امریکا کی مسلم کمیونٹی میں بطور مبلغ بہت زیادہ احترام رکھتے ہیں ۔ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر اور فیس بک پر حسب معمول تبصرے شروع ہو گئے ہیں ۔ فیس پر پانچ ہزار کے لگ بھگ فالوورز رکھنے والے عزیر سالار نے واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا ہے
‘ورلڈ فیمس امریکی مولوی نعمان علی خان کے اپنی متعدد اسٹوڈنٹس کے ساتھ افیئر اور ان دکھی آتماؤں کے ہاتھوں تاریخی ذلالت منظر عام پر آنے کے بعد اکثر مومنین اسے مولوی صاحب اور خدا کا درمیانی معاملہ قرار دے کر ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور حشر پر ادھار چھوڑ رہے ہیں، کچھ خود بھی رائے دینے سے گریز کر رہے ہیں اور دوسروں کو بھی خوف خدا یاد دلا رہے، بہت سے مس ججمنٹ اور شک کا فائدہ بھی دے رہے ہیں، کچھ تو کفریہ سازش بھی کہہ رہے ہیں اور شیطان مردود خبیث کا بہکاوا بھی، جبکہ باقی نفس کی چال اور عورت کے بڑا فتنہ ہونے پر دلالت قائم کر رہے ہیں-
معصوم ہے تو بس ایک مولوی نعمان علی خان
اللہ اکبر….. ابھی تو ماہرہ خان کی گرد بیٹھی نہ تھی کہ قدرت نے آئینے میں بوتھی دکھا دی- اللہ اللہ – – – –
ابھی تو عشق کے امتحان اور بھی ہیں… کیونکہ یہ سولہویں نہیں اکیسویں صدی ہے اب جو زندہ رہے گا دلیل کے ساتھ زندہ رہے گا جو فنا ہوگا دلیل کے ساتھ فنا ہوگا— خوف اور جھوٹ کا کاروبار اب زیادہ دیر نہیں چلنے والا… آخری وقت آنے سے پہلے اپنی عقیدت پر چلنے والی انجن کٹ منطق پر کنورٹ کر لیں-‘
اس اسٹیٹس پر پر بہت دلچسپ تبصرے کیے گئے ہیں، رؤف الرحمان نے لکھا ہے کہ ‘نعمان علی خان کے پیج پر جواسٹیٹس پڑھا ہے اس کے مطابق دو سال پہلے نعمان علی خان کی علیحدگی ہو چکی ہے اور اس میں لکھا ہے کہ رشتے کیلئے انھوں نے جو اپنے گھر والوں کی مدد سے لڑکیاں دیکھی تھیں اور ان سے باتیں کی تھیں گھر والوں کی موجودگی میں، اس پر یہ سب پہاڑ کھڑا کیا جا رہا ہے۔۔۔! واللہ، آپ کے پاس کہنے کو کچھ اچھا نہیں تو یوں کسی مسلمان کو بدنام تو نہ کیجئے، جناب! نعمان علی خان نے غلط کیا ہوا، اس کا صلہ حاصل ہو کر رہے گا۔۔۔ غلط نہ کیا ہوا، وہ بھی سامنے آ جائے گا۔۔۔ اس دوران آپ جہاں کھڑے ہیں وہ کوئی پھاپھے کٹنی سے زیادہ کا کردار نہیں۔۔۔! دونوں صورتوں میں کسی پر الزام یا اس کی تشہیر وہی کام ہے جو بداخلاقی کہلاتا ہے۔’