تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد
مصباح الحق کے بڑھاپے اور کپتانی پر مسلسل طنز کے نشتر چلانے والے سارے تجزیہ کار آج معلوم نہیں کس کو کوسیں گے۔ مصباح الحق اور یونس خان کے بغیر پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا عبرت ناک انجام ہوا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں شکست ہو گئی ہے۔ یہ پاکستان کا ہوم گراﺅنڈ سمجھاجاتا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم نے پہلے میچ میں ایک سو چھتیس رنز کامعمولی ہدف دیا تھا جو حاصل نہ کیا جاسکا جبکہ دوسرے میچ میں بھی پاکستان کی بلے بازی مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم کو دوسری اننگ میں چھیانوے رنز پر آوٹ کرنے والی پاکستانی ٹیم تین سو سترہ رنز نہ بناسکی اور اڑسٹھ رنز سے میچ ہار گئی۔ کھیل کے آخری روزپاکستان کے رہ جانے والے پانچ بلے بازوں کو پویلین جانے کی بہت جلدی نظر آئی۔