فون کو بیوی سے دور نہ رکھنے کا نتیجہ
Reading Time: < 1 minuteاپنے موبائل فون کو بیوی کی پہنچ سے دور نہ رکھنے پر شوہر کو بچوں سمیت ایک دن حوالات میں گزارنا پڑ گیا۔ ایرانی خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ قطرسے مشہور تفریحی مقام بالی کے سفر پر روانہ تھی کہ دوران پرواز اپنے سوتے شوہر کا موبائل فون کھول کر دیکھ لیا، اس کے بعد ان کا خون ایسا کھول اٹھا کہ جہاز کے مسافر اور عملہ بھی سنبھالنے میں ناکام ہو گئے۔ دوحا سے بالی انڈونیشیا کیلئے محو پرواز قطر ائرویز کے جہاز کو چالیس ہزار کی بلندی سے انڈیا کے شہر چنائے میں اتارنا پڑا، جہاں بھی خاتون کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو سارے اہل خانہ کو ائرپورٹ کے کمرے میں بند کر دیا گیا۔ انڈیا کے اخبارات کے مطابق ایرانی خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ چھٹیاں منانے جارہی تھیں اور انہوں نے جہاز میں سوتے ہوئے شوہر کا فون فنگر پرنٹس کی مدد سے کھولا۔ خاتون کو شوہر کی بے وفائی کا علم ہوا تو ہنگامہ کھڑا کردیا۔ جہاز میں دوسو چوراسی مسافر سوار تھے۔ قطر ائر ویز کے جہاز نے خاتون، شوہر اور بچوں کو چنائے میں ہی چھوڑ دیا اور بالی روانہ ہو گیا۔
انڈیا کے ائرپورٹ حکام کے مطابق خاندان کے پاس ویزانہ ہونے کی وجہ سے ان کو کمرے میں بند کرکے ایرانی سفارت خانے سے رجوع کیا گیا۔ بعد ازاں اس خاندان کو کوالالمپور ملائیشیا روانہ کیا گیا۔