زلزلے سے سینکڑوں مارے گئے
Reading Time: < 1 minuteعراق اور ایران میں آنے والے زلزلے سے مارے جانے والے افراد کی تعداد 210 ہو گئی ہے جبکہ 2800 لوگ زخمی ہیں۔
ایران میں حکام نے کہا ہے کہ سات اعشاریہ تین شدت کے زلزلے کے نتیجے میں بیشتر ہلاکتیں عراق کی سرحد سے متصل ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں ہوئی ہیں۔ دوسری جانب عراق میں حکام نے اب تک زلزلے سے آٹھ افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے اسرائیل اور ترکی میں بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز عراق کے جنوبی شہر حلبجہ سے 15 کلومیٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 33.9 کلومیٹر تھی۔
ایرانی خبر رساں ادارے اسنا نے طبی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ زلزلے سے ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک ایرانی امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے 70 ہزار افراد کو فوری طور پر امداد اور پناہ گاہوں کی ضرورت ہے۔ ایران کے سرکاری ہنگامی امدادی ادارے کے سربراہ پیر حسین قلیوند نے سرکاری ٹی وی پر بیان میں کہا ہے کہ ہلاک شدگان اور زخمیوں میں سے بیشتر کا تعلق سرحد سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے سرپل ذہاب سے ہے ۔