سرکاری نوکری سے فارغ
Reading Time: 2 minutesپاکستان ٹیلی ویژن کے معطل ڈائریکٹر کرنٹ افئیرز آغا مسعود شورش کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات نے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ آغا مسعود شورش کے مستقبل کا فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں واضح ہدایت کی کہ ملازمت کی عمر مکمل کر لینے اور اداروں کی بدنامی کا باعث بننے والے مستقل وکنٹریکٹ ملازمین سے قانون و ضابطہ کے مطابق نمٹا جائے _ وزارتوں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اداروں کو مالی طور پر نقصان پہنچانے والے افسران کے خلاف کاروائی کے عمل کوبھی تیز کیا جائے _
پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن شعبہ کرنٹ افئیرز کے ڈائریکٹر آغا مسعود شورش کو نوکری سے برخاست کئے جانے کی فائل پر گزشتہ روز سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے دستخط کئے اور ڈائریکٹر کو نوکری سے فارغ کئے جانے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا۔ آغا مسعود شورش کے خلاف ادارے اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کو عرصہ طویل سے درخواستیں موصول ہو رہیں تھیں جنہیں 3 ماہ قبل فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا تھا،
آغامسعود شورش کے خلاف ادارے کے ملازمین کی جانب سے متعدد شکایات کی جاتی رہیں اور اعلیٰ سطح کی 5انکوائریاں جن میں پی ٹی وی میں کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کی3، اختیارات کے ناجائز استعمال اورفرائض میں غفلت کی انکوائریاں بھی شامل ہیں، ۔اعلیٰ حکام کوشکایات پہنچانے کے علاوہ ادارے کے 14پروڈیوسرز نے مذکورہ افسر کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس پردونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے جانے کے بعد عدالت اپنا فیصلہ محفوظ کر چکی ہے جو کہ آئندہ دنوں میں سنائے جانے کا امکان ہے _ اپنے دفاع کیلئے آغا مسعود شورش نے2سال تک ادارے کے لیگل ایڈوائز کی خدمات حاصل کیں، جنہیں پیسے بھی ادارہ ہی ادا کرتا رہا-