پاکستان پاکستان24

گلالئی رکن اسمبلی رہیں گی، سپریم کورٹ

مارچ 14, 2018 2 min

گلالئی رکن اسمبلی رہیں گی، سپریم کورٹ

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کی عمران خان کی اپیل خارج کر دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ عائشہ گلالئی نے تحریری استعفا دیا تھا اور نہ پارٹی کی جانب سے گلالئی کو پارلیمنٹ میں اپنے امیدوار کو ووٹ دینے کی ہدایات جاری کی گئی تھی ۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ درخوست گزار نے تسلیم کیا کہ مدعا علیہ نے تحریری استعفیٰ نہیں دیا تھا، سیاسی لوگ ایسے سیاسی بیانات دیتے رہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خاص وقت تک استعفا دے کر واپس بھی لیا جا سکتا ہے ۔

پاکستان 24 کے مطابق سپریم کورٹ میں عائشہ گلالئی کو تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سے ہٹانے کیلئے عمران خان کی اپیل کی سماعت ہوئی ۔ چیف جسٹس نے عمران خانے کے وکیل سکندر بشیر سے پوچھا کہ کس بنیاد پر ڈی سیٹ کرنا چاہتے ہیں ۔ وکیل نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، عائشہ گلالئی پر آرٹیکل 63 ای کا اطلاق ہوتا ہے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی طرح شیخ رشید نے بھی کہا تھا کہ وہ مستعفی ہو رہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی لوگ ایسے سیاسی بیانات دیتے رہتے ہیں ۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے پارٹی ہدایات کے مطابق وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا ۔ پاکستان 24 کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان نے خود ووٹ کاسٹ کیا تھا؟ جس پر بتایا گیا کہ عمران خان ووٹنگ کے وقت شہر میں موجود نہیں تھے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہو سکتا ہے عائشہ گلالئی بھی شہر سے باہر ہو ۔
چیف جسٹس کے پوچھنے پر عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ عائشہ گلالئی نے تحریری استعفی نہیں دیا ۔ عائشہ گلالئی نے میڈیا پر استعفے کا اعلان کیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ (عمران خان) نے بھی میڈیا پر استعفے کا اعلان کیا تھا، مخصوص وقت تک تحریری استعفا دے کر بھی واپس  لیا جا سکتا ہے ۔

پاکستان 24 کے مطابق عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے پارٹی ہدایات پر وزارت عظمی کے امیدوار کو ووٹ بھی نہیں ڈالا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ تحریری ہدایات پیش کریں ۔ وکیل نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا تحریری ہدایات موجود نہیں ہیں ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی کی اپیل خارج کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے حق میں فیصلہ برقرار رکھا ۔

 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے