افتخار چودھری پارٹی کی درخواست خارج
Reading Time: 2 minutesسپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے دست راست وکیل کی نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ہے ۔ عدالت نے وفاقی وزراء سعد رفیق اور دانیال عزیز کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواستیں بھی خارج کر دی ہیں ۔
پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق افتخار چودھری کی پارٹی کے رہنما اور وکیل درخواست گزار شیخ احسن الدین نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف نے عدالت کی توہین کی، نواز شریف نے لاہور ریلی کے دوران عدلیہ کو متنازعہ بنایا، نواز شریف نے کہا کہ قوم کو نااہل کیا گیا انہیں نہیں۔ وکیل احسن الدین نے کہا کہ نواز شریف نے کہا یہ 20 کروڑ عوام کے ووٹوں کی توہین ہے ۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ فیصلوں پر ہر آدمی کو کمنٹس دینے کا حق حاصل ہے، کسی اور جگہ حدود کراس ہوتی ہوں گی، اس سے زیادہ بھی کسی جگہ کچھ کہا گیا ہوگا ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا نوازشریف کی پارٹی کو 20 کروڑ ووٹ ملے تھے؟ ۔ نوازشریف کا بیان غیرسنجیدہ ہے، عدالت کو بہت سے معاملات کو درگرز کرنا ہوتا ہے، عدالت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔
پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق درخواست گزار نے کہا کہ لاہور تک ریلی کے دوران عدلیہ کو اسکینڈلائز کیا گیا، توہین آمیز انداز میں عدالتی فیصلے کے خلاف تنقید کی گئی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پیش کیا گیا مواد توہین آمیز نہیں، فیصلے کو برا کہنے کا اختیار سب کو ہے، کسی اور مقام میں شاید توہین آمیز بات کی گئی ہو، جو مواد آپ نے پیش کیا وہ سیاسی ہے، ہمارے پاس چیزیں آتی رہتی ہیں ۔ عدالت نے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ۔
دریں اثناء سپریم کورٹ میں خواجہ سعد رفیق اور دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کی دائر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی ۔ درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما اویس یونس کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ سعد رفیق کی صرف 2 تقاریر دیکھ لی جائیں ۔
پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ دکھا دیں کون سی تقاریر ہیں؟ وکیل نے کہا کہ سعد رفیق کا انداز گفتگو توہین عدالت ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کئی چیزیں ہمارے پاس پڑی ہیں، ہم درگزر کر رہے ہیں ۔ عدالت نے سعد رفیق کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ۔
سپریم کورٹ کے اسی بنچ نے وفاقی وزیر دانیال عزیز کے خلاف ندیم ناصر چودھری نامی شخص کی توہین عدالت کی درخواست بھی خارج کر دی ہے ۔