دو کمیشن تشکیل دیں، مذاکرات میں پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات
Reading Time: < 1 minuteحکومت کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تحریری مطالبات میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو کمیشنز کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے چارٹر آف ڈیمانڈ میں کہا ہے کہ 2017 کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت دو تحقیقاتی کمیشن قائم کیے جائیں۔ ان دونوں کمیشنز میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یا تین حاضر سروس جج شامل ہوں، جنہیں تحریک انصاف اور حکومت کے مابین متفقہ طور پر سات دن کے اندر نامزد کیا جائے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے تحریری مطالبات سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پیش کیے۔
مطالبات میں کہا گیا ہے کہ پہلا کمیشن عمران خان کی رینجرز کے ہاتھوں گرفتاری کے طریقہ کار اور دوسرا کمیشن 24 سے 27 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرے۔
پاکستان تحریک انصاف نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ ’اگر ہمارے مطالبے کے مطابق ان کمیشنز کو اصولی طور پر تسلیم نہ کیا گیا اور فوری طور پر قائم نہ کیا گیا تو ہم مذاکرات جاری رکھنے سے قاصر رہیں گے۔‘