دلیر مہندی کو دو برس قید
Reading Time: < 1 minuteانڈیا میں ایک عدالت نے گلوکار دلیر مہندی کو انسانی سمگلنگ کے ایک مقدمے میں دو برس قید کی سزا سنائی ہے تاہم عدالت نے ان کو ضمانت بھی دیدی ہے ۔ انڈین ریاست پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں کی عدالت میں دلیر مہندی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ پر انسانی اسمگلنگ کا الزام ثابت ہوگیا جس کے بعد سزا سنائی گئی ۔
مہندی اور شمشیر پر یہ مقدمہ سنہ 2003 میں بنایا گیا تھا کا ہے جس میں الزام تھا کہ سنہ 1998 اور سنہ 1999 میں وہ لوگوں کو رقم کے عوض اپنے طائفے کا حصہ بنا کر بیرون ملک لے جا کر وہاں سے واپس نہ لائے ۔ استغاثہ کے مطابق مہندی دس افراد کو اس طریقے سے امریکہ لے کر گئے جو کہ وہیں رہ گئے ۔
عدالت نے دلیر مہندی کو دو سال کی سزا کے علاوہ جرمانہ بھی کیا ۔ سزا سنائے جانے کے بعد دلیر مہندی کو حراست میں لیا گیا لیکن عدالت نے سزا کا دورانیہ تین سال سے کم ہونے کی وجہ سے انھیں ضمانت دے دی ۔ فیصلے کے بعد عدالت کے باہر دلیر مہندی کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے ۔
دلیر مہندی 1990 کی دہائی کے اواخر میں اپنے پاپ گانوں کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر تھے اور ان کے کئی گانے سپر ہٹ ہوئے تھے ۔