کالا باغ ڈیم تعمیر کیلئے ریفرنڈم
Reading Time: < 1 minuteکالا باغ ڈیم تعمیر کیلئے ریفرنڈم کرانے کی دائر درخواست پر سریم کورٹ نے وفاق پاکستان کو نوٹس جاری کیا ہے ۔ عدالت نے پوچھا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے مطابق حکومت نے آگاہی مہم چلانے کیلئے کیا اقدامات کیے ۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ پاکستان ۲۴ کے مطابق درخواست گزار وکیل وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ملک میں پانی کی قلت پیدا ہو رہی ہے، ملک میں پانی کی سطح بتدریج گر رہی ہے اور پانی ختم ہو جائے گا ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کوئی شک نہیں ملک میں ڈیمز بننے چاہیے، کالاباغ ڈیم کے معاملے پر صوبوں میں اتفاق نہیں ہے، مشترکہ مفادات کونسل نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں عوامی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ دیا، اس فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا، سابق چییرمین واپڈا نے کالا باغ ڈیم پر آگاہی شروع کی، اس چئیرمین واپڈا کو نکال دیا گیا ۔
پاکستان ۲۴ کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے پانی کی فراہمی کو دیکھنا ہے، موجودہ صورتحال میں حکومت نے فیصلہ کرنا ہے ۔ درخواست گزار نے کہا کہ اگر نام کا مسئلہ ہے تو کالاباغ کی جگہ بینظر بھٹو ڈیم رکھ لیں، یہ ڈیم پاکستان کا مستقبل ہے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ مسئلہ نام کا نہیں مسئلہ گہرا ہے ۔
عدالت نے کالاباغ ڈیم ریفرنڈم درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا، حکومت نے سی سی آئی کے فیصلے کی آگاہی مہم کے لیے کیا اقدامات کیے؟ وفاقی حکومت ڈیم سے متعلق جواب دے ۔ سماعت 15 دنوں کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔