گدھے اور کتے کی 800 کھالیں برآمد
Reading Time: < 1 minuteکراچی میں پولیس نے کورنگی کے علاقے میں گودام سے گدھے اور کتے کی 800 کھالیں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گدھے اور کتے کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کرتا تھا ۔
پولیس کے مطابق کورنگی سیکٹر سیون اے میں واقع ایک گودام پر چھاپے کے دوران گدھے اور کتے کی کھالوں سے بھرے 200 گٹھڑیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ افغان باشندے عبدالرحیم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افغان شہری نے پاکستانی شہری کی مدد سے یہ گودام لے رکھا تھا ۔
پولیس کے مطابق افغان باشندے عبدالرحیم نے بتایا کہ یہ کھالیں پختون خوا اور پنجاب کے مختلف شہروں سے لائی گئی ہیں یہ جانور وہاں ذبح کرکے ان کا گوشت ان ہی شہروں میں فروخت کر دیا گیا ۔ بعد ازاں کھالیں چین بھیجنے کے لیے کراچی لائی گئی ہیں ۔
تھانہ کورنگی کے ایس ایچ او کے مطابق یہ ملک گیر گینگ ہے جو پاکستان کے مختلف شہروں سے کھالیں اکٹھی کرکے کراچی لاتا ہے جس کے بعد بیرون ملک ایکسپورٹ کی جاتی ہیں ۔