کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، چیئرمین نیب
Reading Time: < 1 minuteقومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ شخصیت پرستی سے بالاتر ہو کر تفتیش و تحقیقات کرتے ہیں، ناخداؤں کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے ۔
نیب کے چیئرمین جاوید اقبال نے نیب خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور میں چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی تمام تر وفاداریاں صرف پاکستان کے ساتھ ہیں، شخصیت پرستی سے بالاتر ہو کر تفتیش و تحقیقات کرتے ہیں ۔چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک 84 ارب ڈالر کا مقروض ہو چکا مگر ان پیسوں کا مصرف آج تک نظر نہیں آ رہا، بیورو کریسی کی خدمات اور وفاداری پاکستان کے ساتھ ہونی چاہیے نہ کہ حکومت کے ساتھ ۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کو اپنے کسی اقدام پر کسی قسم کی تشہیر کی ضرورت نہیں، نیب قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اختیارات کا استعمال کرتا ہے، ناخداؤں کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے، نیب کا نوٹس میرا ذاتی دعوت نامہ نہیں ہوتا بلکہ احتساب کے ادارے کا ہوتا ہے ۔