ریحام خان کی ٹوئٹ پر بحث
ریحام خان نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ دنیا نیوز ٹیلی ویژن چینل کی انتظامیہ نے صحافی ابراہیم راجا کو ہٹا کر عمران خان کے مداحوں کے کلب کے رکن خاور گھمن کو اسلام آباد میں بیورو چیف بنا دیا ہے _ ریحام خان کے مطابق ابراہیم راجا ایک پیشہ صحافی ہیں، انہوں نے لکھا ہے کہ جیو نیوز کے بعد دنیا ٹی وی نے بھی سمجھوتہ کر لیا ہے _
ریحام خان کی ٹوئٹ نے ملک کے صحافتی حلقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری اس بحث کو پبلک کر دیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ دنیا نیوز کی انتظامیہ پر مقتدر حلقوں کا دباؤ ہے کہ اینکر کامران خان کے پروگرام کے ایڈیٹوریل پر نظرثانی کی جائے _
ذرائع کے مطابق ابراہیم راجا کی دنیا نیوز سے برطرفی کامران خان کیلئے ایک پیغام ہے کیونکہ ان کو اسلام آباد میں کامران خان کی ٹیم کا اہم رکن سمجھا جاتا تھا _ ذرائع کا دعوٰی ہے کہ دنیا نیوز کی انتظامیہ اپنے صدر کامران خان کے پروگرام کے وقت کو تبدیل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے _

