اورکزئی دھماکے میں ۲۵ جاں بحق
Reading Time: < 1 minuteخیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقے ضلع اورکزئی ایک بازار میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 25 افراد مارے گئے ہیں جبکہ 30 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں ۔ مقامی انتطامی کے حکام کے مطابق یہ دھماکہ تحصیل کلایہ میں لگنے والے ہفتہ وار میلے میں ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔
مقامی لوگوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بازار میں میلہ لگا ہوا تھا کہ قریب واقع مدرسۂ اہلبیت کے سامنے دھماکہ ہوا ۔ مقامی افراد کے مطابق جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے وہاں اہل تشیع کی اکثریت بتائی جاتی ہے۔
واقعے کے بارے میں ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کلایہ کے علاوہ پشاور اور کوہاٹ بھی منتقل کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ ماضی میں اورکزئی کے علاقے میں شدید فرقہ وارانہ کشیدگی پائی جاتی رہی ہے اور یہاں پر فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہلاکتوں کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں ۔ تحصیل کلایہ لوئر اورکزئی کا علاقہ ہے جہاں زیادہ تر شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں ۔