پندرہ کو سزائے موت کی توثیق
فوجی ترجمان کے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ہے ۔ بیان کے مطابق یہ دہشتگرد کرسچین کالونی پشاور حملے، تعلیمی اداروں کی تباہی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 15 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ سزا پانے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جو کرسچن کالونی پشاور پر حملے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی کاروائیوں کے دوران مسلح افواج کے اکیس اور ایف سی کے نو اہلکاروں سمیت 34 افراد شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں نے 20 دہشتگردوں کو قید کی سزا بھی سنائی ہے ۔ دہشتگردوں نے دوران ٹرائل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ ترجمان کے مطابق جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں حمید الرحمان، سید علی، ابرار، فدا حسین، رضا اللہ، رحیم اللہ، عمر زادہ، امجد علی، عبدالرحمان، غلام رحیم، محمد خان، رحیم اللہ ولد نورانی گل، راشد اقبال، محمدغفار اور رحمان علی ولد محمد عزیز شامل ہیں۔

