ڈی چوک میں لاپتہ افراد کیلئے مظاہرہ
اسلام آباد کے ڈی چوک میں پارلیمنٹ کے سامنے لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے احتجاج کیا ہے ۔ احتجاجی مظاہرے میں لاپتہ افراد کے گھروں کی خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
لاپتہ افراد کے گھروں کی خواتین نے کہا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے لاپتہ ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں، ہر حکومت لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کرتی ہے، عمل نہیں کرتی ۔
مظاہرین نے کہا کہ لاپتہ افراد میں اگر کوئی گناہ گار ہیں ان پر کیس چلائیں، جو بے گناہ ہیں انہیں رہا کیا جائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سالہا سال گزرنے کے باوجود ان کا جذبہ زندہ ہے اور وہ اپنے پیاروں سے ملنے کے منتظر ہیں ۔
مظاہرے کے وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا اور منتخب اراکین گاڑیوں میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے سامنے سے گزرتے رہے ۔

