فیصلہ آج مگر دو بجے کے بعد
Reading Time: < 1 minuteالعزیزیہ سٹیل ملز اور فیلگ شپ انویسٹمنٹ ریفرینس کے فیصلے آج سنائے جانے ہیں مگر صبح آٹھ بجے سے نواز شریف اور ملک بھر میں عوام کو انتظار ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ فیصلے دن دو بجے کے بعد کسی وقت سنائے جائیں گے ۔
العزیزیہ سٹیل ملز اور فیلگ شپ انویسٹمنٹ ریفرینس قومی احتساب بیورو کی جانب سے ستمبر 2017 میں دائر کیے گئے تھے جن پر سماعت کے بعد رواں ماہ 19 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا ۔ ان دونوں ریفرینسز میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز ملزمان ہیں ۔
نواز شریف پر الزام ہے کہ ان کے اثاثے ظاہر کردہ آمدن سے زائد ہیں اور آمدنی سے مطابقت نہیں رکھتے علاوہ ازیں وہ اپنے اثاثوں کی قانونی حیثیت اور ان کے ذرائع ثابت کرنے میں ناکام رہے ۔
حسن اور حسین نواز دونوں اس وقت پاکستان سے باہر ہیں جبکہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرینس میں سزا کی معطلی کے بعد فی الحال جیل سے باہر ہیں ۔
یاد رہے کہ جج ممد بشیر نے پہلے ریفرنس ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کا فیصلہ فیصلہ صبح دس بجے محفوظ کر لیا تھا لیکن اس کے بعد پہلے 12 بجے، پھر ڈھائی، پھر تین، پھر ساڑھے تین بجے، پھر چار بجے اسے بار بار ملتوی کیا گیا اور بالآخر شام ساڑھے چار بجے انھوں نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 برس، مریم نواز کو 8 برس جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کر دیا تھا ۔