وکیلوں کی ہڑتال پر جسٹس کھوسہ کی مسکراہٹ
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد کچہری میں وکلاء ہڑتال کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ وکلاء نے ہی کام چھوڑ رکھا ہے ہمارے ججز تو عدالتوں میں بیٹھے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ سائل آئے اور ہم انصاف کریں ۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اسلام آباد کی ذیلی ماتحت عدالتوں کے خلاف وکلاء کی ہڑتال سے متعلق کیس کی سماعت کی دوران سماعت ایڈوکیٹ عادل عزیز قاضی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب آپ کے علم میں ہے کہ اسلام آباد کی ماتحت عدالتوں میں کام نہیں ہورہا ، کئی دنوں سے ہڑتال چل رہی ہے ۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آپ نے ہی کام چھوڑ رکھا ہے ۔ ایڈوکیٹ عادل عزیز قاضی نے کہا کہ جی اسلام آباد کی نومنتخب ڈسٹرکٹ بار نے ہڑتال ختم کردی ہے ۔ آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نہیں آپ نے ہڑتال ختم نہیں کی بلکہ کم کردی ہے ،اخبار میں پڑھ رہا تھا کہ منگل اور جمعے کو ہڑتال ہوگی ،جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ویسے بھی ہفتے میں دو دن کا ناغہ ہوتا ہے۔
آصف سعید کھوسہ نے کہا ہمارے ججز عدالتوں میں بیٹھے ہے ، وہ تو کہتے ہے کہ سائل آئے اور ہم انصاف کریں ، ویسے بھی یہ معاملہ ہائی کورٹ سے متعلقہ ہے ، عدالت نے وکلاء ہڑتال کے معاملے پر اسلام آباد ہائی سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی