پاکستان24 متفرق خبریں

فیس بک نے’فوجی اکاؤنٹس؛ بند کر دیے

اپریل 1, 2019

فیس بک نے’فوجی اکاؤنٹس؛ بند کر دیے

سماجی رابطوں کی عالمی ویب سائٹ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ اس نے پاکستان میں منظم طریقے سے غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کے مرتکب 103 افراد اور گروپس کے اکاؤنٹس اور پیجز بند کیے ہیں ۔

فیس بک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بند کیے گئے صفحات اور اکاؤنٹس کا تعلق پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پر آر کے اہلکاروں سے ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ نے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ ’ہم تقریباً سات سو ایسے اکاؤنٹس اور صفحات کو بھی بند کر رہے ہیں جن کا تعلق انڈیا کی کانگریس پارٹی سے ہے۔‘

فیس بک کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’کمپنی کی تفتیش کے مطابق ان اکاؤنٹس کے پیچھے ایسے افراد کا ہاتھ ہے جو جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فوج کی حمایت میں پیج چلا رہے تھے۔‘

کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے چلائے جانے والے ان اکاؤنٹس پر زیادہ تر مقامی اور سیاسی خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں جن میں انڈیا کی حکومت، مختلف سیاسی رہنماؤں اور فوج کے بارے میں خبریں ہوتی ہیں۔

فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ان اکاؤٹس کے پیچھے موجود افراد نے اپنی اصل شناخت کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی لیکن کمپنی کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ ان اکاؤنٹس کو آئی ایس پی آر کے ملازمین نے چلایا۔‘

بند کیے جانے والے پاکستانی پیجز کی تعداد 24 ہے جبکہ 57 اکاؤنٹس کو بھی بلاک کیا گیا ہے ۔

بند کیے جانے والوں میں انسٹا گرام کے بھی 15 اکاؤنٹس شامل ہیں۔

فیس بک کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ بند کیے جانے والے صفحات میں ایک کو تقریبا 28 لاکھ افراد نے لائیک کیا تھا ۔

بند کیے گئے اکاؤنٹس کی مثالوں میں فیس بک نے ’ہلکا پھلکا‘ اور ’کشمیر فار کشمیری‘ کے صفحات کی پوسٹ دکھائی ہیں ۔

فیس بک نے انڈیا سے چلائے جانے والے 687 اکاؤنٹس کو بند کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جعلی اکاؤنٹس سیاسی خبریں اور بیانات شائع کرنے کے ساتھ ساتھ مخالف انتخابی امیدواروں پر تنقید کے لیے بنائے گئے تھے ۔

فیس بک نے کہا ہے کہ ’کپمنی مسلسل کوشش کرتی ہے کہ ایسے مواد کی نشاندہی کر کے اسے روکا جائے جو غیر مصدقہ رویے کا حامل ہو کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے پلیٹ فارم یا خدمات کو لوگوں پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا جائے۔‘

جاری کیے گئے بیان میں اکاؤنٹس بند کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے فیس بک نے کہا ہے کہ ان صفحات اور اکاؤنٹس کو پوسٹ کیے گئے مواد نہیں بلکہ ان کے کردار یا رویے کی وجہ سے بلاک کیا گیا۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ بند کیے جانے والے اکاؤنٹس کے پیچھے ایسے افراد تھے جو ایک دوسرے سے مل کر منظم طریقے سے کام کر رہے تھے اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعلی اکاؤنٹس چلا رہے تھے۔‘

فیس بک کے مطابق ان اکاؤنٹس کو بند کرنے کی وجہ ان کا یہی ’منظم طریقہ‘ بنا ہے ۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ ’اس برائی کو ختم کرنے کے لیے پیشرفت ہوئی ہے تاہم اس سے نمٹنا ایک مسلسل چیلنج ہے۔‘ کمپنی نے کہا ہے کہ اس کی پوری کوشش ہے کہ اس کام میں (جعلی اکاؤنٹس والوں سے) ایک قدم آگے رہا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے