یہ ہیرو ہے مجرم نہیں
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے پسماندہ علاقے میں جہاز بنا کر اڑانے والے محمد فیاض کو گلوکار، اداکار اور پائلٹ فخر عالم نے ہیرو قرار دیا ہے ۔
فخر عالم نے ٹویٹ کیا کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کو ضرور دیکھیں مگر یہ غیر معمولی بہادری کی کہانی ہے اس لیے اس شخص کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں پولیس نے چھوٹا جہاز بنا کربغیر اجازت اڑانے والے نوجوان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا تھا جہاں اس پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے رہا کر دیا گیا ۔
تحصیل عارف والا کے تھانہ رنگ شاہ پولیس سٹیشن کے انسپکٹر بشیر احمد کے مطابق ملزم کے خلاف ضابطہ فوجداری کی تین دفعات 285, 286اور 287 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یہ دفعات مشینری کے استعمال میں غفلت سے متعلق ہیں ۔
انسپکٹر بشیراحمد کا کہناتھا کہ جہاز اڑانے والے کو اس لیے حراست میں لیا گیا کہ اس کے گرنے کی صورت میں جان جانے کا خدشہ تھا، اگر جہاز کسی پر گرتا تو اس کی بھی جان جا سکتی تھی۔
انسپکٹر بشیر نے بتایا کہ ملزم محمد فیاض نے سول ایوی ایشن سے اجازت لیے بغیر ‘مقامی لوگوں کو جمع کرکے جہاز اڑانے کی کوشش کی جو خطرناک ہوسکتی تھی۔’
پیر کو رنگ شاہ پولیس نے 32 سالہ ملزم کو عارف والا کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور اس کو 14یوم کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی درخواست کی تاہم عدالت نے محمد فیاض پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور ادائیگی پر رہا کر کے مقدمہ ختم کرنے کا حکم دیا تھا ۔
محمد فیاض نے اتوار کو عارف والا میں اپنے تیار کردہ جہاز کو زرعی زمین سے اڑانے کی کوشش کی تھی ۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد یہ منظر دیکھنے کے لیے موجود تھی لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لیا اور اس کے جہاز کو بھی تھانے منتقل کر دیا تھا ۔

