پاکستانی طیارے پورے نکلے، امریکہ
عالمی شہرت یافتہ جریدے نے کہا ہے کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعوی غلط نکلا ہے۔
امریکہ سے شائع ہونے والے فارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود ایف 16 طیاروں کی گنتی کے نتیجے میں کوئی طیارہ کم نہیں پایا گیا ۔
جریدے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے دفاعی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ پاکستان کے پاس موجود ایف 16کی حال ہی میں امریکی اہلکاروں نے گنتی کی ہے اور وہاں کوئی بھی جہاز کم نہیں ۔
جریدے نے لکھا ہے کہ امریکی عہدیداروں کی جانب سے یہ بات سامنے آنے پر انڈیا کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے جس میں انڈین ائر فورس نے کہا تھا کہ ان کے ونگ کمانڈر ابھینندن نے اپنے جہاز کے گرائے جانے سے قبل ایک پاکستانی ایف 16کو کامیابی سے ہدف بنایا تھا ۔
رپورٹ کے مطابق یہ ممکن ہے کہ جنگ کے دوران ابھینندن نے اپنے مگ 21 سے پاکستانی ایف 16 کا نشانہ لے کر میزائل فائر کیا ہو، اور یہ سمجھ لیا ہو کہ اس نے کامیابی حاصل کر لی ہے مگر امریکی اہلکاروں کی جانب سے پاکستان میں موجود طیاروں کی گنتی اس کی تصدیق نہیں کرتی ۔
میگزین کے مطابق پاکستان میں ایف 16 کی گنتی کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد انڈیا کی جانب سے بیان کیے گئے واقعات مشکوک ہوگئے ہیںاور یہ بات سامنے آرہی ہے کہ انڈین حکام نے اس دن پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کیا ۔
امریکہ میں سیاسیات پڑھانے والے پروفیسر وپن نارنگ نے فارن پالیسی میگزین کو بتایا کہ جس طرح واقعہ کی تفصیل سامنے آرہی ہے اس سے مستقبل میں انڈیا کے پاکستان کو روکنے کی کوششیں پر اثر پڑے گا۔
پروفیسر نارنگ کے مطابق جس طرح تفصیلات سامنے آرہی ہیں یہ انڈیا کے لیے بدترین ہوتا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اب یہ اس طرح دکھائی دے رہا ہے کہ ایک طرف تو انڈیا پاکستان کو سبق سکھانے میں ناکام رہا اور دوسری جانب اپنا ایک جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر ضائع کرا دیا ۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو دونوں ملکوں کے جنگی طیاروں کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی تھی جس میں پاکستان نے ایک انڈین مگ 21طیارے مار گرایا اور اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو حراست میں لیا تھا ۔
انڈیا نے دعوی کیا تھا کہ ان کے پائلٹ نے نشانہ بننے سے قبل ایک پاکستانی ایف 16 مار گرایا تھا ۔ انڈین مگ 21کا ملبہ پاکستانی حدود میں گرا تھا اور بعد ازاں گرفتار پائلٹ ابھینندن کو انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا ۔

