اسرائیل میں اگلی حکومت کس کی؟
اسرائیل میں عوام یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ اگلی مدت کے لیے وہ حکومت وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے ہی حوالے کریں یا پھر سیاست میں نووارد سابق فوجی سربراہ اقتدار سنبھالیں گے۔
انتخابات پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق سخت مقابلے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ ایک بار پھر دائیں بازو کے سیاست دان نتن یاہو بہت کم فرق سے جیت جائیں تاہم ان کو حکومت بنانے کے لیے اتحاد تشکیل دیتے وقت طویل اور مشکل مذاکرات سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔
اب تک سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزے بتاتے ہیں کہ کرپشن کے الزامات کے باوجود نتن یاہو اتحادی حکومت تشکیل دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے امیدوار سابق فوجی سربراہ بنی گانتز نے اپنی سکیورٹی خدمات کو سامنے لاتے ہوئے نتن یاہو کوانتخابات میں سخت چیلنج دیا ہے۔

