افغانستان کو آسٹریلیا سے شکست
Reading Time: < 1 minuteعالمی کرکٹ کپ کے چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دی ہے۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 38.2 اوورز میں 207 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا نے افغانستان کا 208 رنز کا ہدف 34.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
آسٹریلیا جیسی تجربہ کار ٹیم کے خلاف میچ میں افغانستان کے بلے بازوں نے ابتدائی نقصانات کے باوجود کئی مرتبہ اپنی جارحانہ صلاحیتوں کی جھلک دکھائی لیکن وہ پچاس اوور پورے نہ کر سکے۔
بولروں کے لیے سازگار پچ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم کے اوپنر جلد آؤٹ ہو گئے جس کے بعد رحمت اللہ شاہدی نے 43 اور اس کے بعد نجیب اللہ نے نصف سنچری بنا کر ٹیم کو بڑی حد تک سہارا دیا۔
اپنی جادوئی سپین بالنگ سے کرکٹ کی دنیا میں مشہور راشد خان نے جارحانہ اننگز کھیل کر افغانستان کے سکور کو بڑی حد تک معقول بنا دیا۔
انھوں نے گیارہ گیندوں پر 27 رنز بنائے جن میں چند بڑے دلکش سٹروکس کھیلے۔
وہ سپین بالنگ کا ہی شکار ہوئے اور انھیں زیمپا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
آسٹریلیا کی طرف سے فنچ اور وارنر نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ پہلے دس اوورز میں ان دونوں انتہائی تجربہ کار بلے بازوں نے 55 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فنچ تھے جو 66 رنز بنا کر گلبدین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ فنچ اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے دوسرے کھلاڑی عثمان خواجہ 20 گیندوں پر 15 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر جبکہ سٹیون اسمتھ 18رنز بنانے کے بعد مجیب الرحمان کا شکار بنے۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔