یمن پر سعودی بمباری سے 13 ہلاک
سعودی عرب نے بھاری توپ خانے اور جیٹ فائٹرز سے یمن کے حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا ہے تاہم امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ اس سے شہری آبادی کو نقصان پہنچا ہے۔
طبی امداد فراہم کرنے والے ایک ادارے کے اہلکاروں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بمباری سے دو بچوں سمیت 13 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل حوثی باغیوں کے ذرائع ابلاغ نے سعودی بمباری میں مارکیٹ کے نشانہ بنائے جانے کی خبر دی تھی۔
سعودی عرب نے یہ بمباری اپنے فوجی بیس پر حوثیوں کے حملے کے جواب میں کی ہے۔
امدادی اداروں کے مطابق بمباری سادا صوبے کے الثابت الشابی ضلع میں کی گئی جو باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
اس بمباری میں 26 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

