عمران خان کی غلط سیلیکشن کا خمیازہ!
Reading Time: 2 minutesباسط سبحانی – سپورٹس ایڈیٹر
عمران خان کی سیلیکشن کا خمیازہ پاکستان کو بری طرح سے بھگتنا پڑ رہا ہے. یقینا چیف سلیکٹر بھی اس غلط سیلیکشن کی وجہ سے بہت زیادہ دباؤ میں ہے۔ انہیں جس وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اس کے برعکس یہ بہت مہنگے ثابت ہوئے۔ جب ذاتی پسند ناپسند پر فیصلے کئیے جاتے ہیں تو ایسے تو ہوتا ہے ایسے کاموں میں!
اگر ان کی جگہ آزمودہ اور انٹرنیشنل لیول پر اپنی پرفارمنس سے دھاک بٹھانے والے دوسرے کھلاڑی کو اُس وقت تک ڈراپ نہ کیاجاتا جب تک اُن کی بہترین کارکردگی جاری رہتی تو یہ ملک کے لیے بہت بہتر ہوتا۔ یہی دس سال کا پلان ان ہی کے لئے رکھ لیتے تو یہ بھاری نقصان نہ اٹھانا پڑتا۔ ورلڈ کلاس کارکردگی کے لئے تسلسل سے عمدہ کارکردگی ضروری ہے اور جب یہ تسلسل حاصل ہوجائے تو پھر چھوٹی موٹی ناکامی کو بھی نظرانداز کیا جاسکتا ہے لیکن ابھی تک تو ناکامیاں ختم ہونے میں ہی نہیں آ رہیں۔
اگر آگے بھی ایسے ریلو کٹے ٹائپ سلیکشن ہوئی تو کامیابی حاصل کرنا بہت مشکل ہو گا۔ اس سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا اور سیلیکٹر کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔
شاہ کو ہی لے لیں تجربہ کار بھی ہے، ریکارڈ بھی اچھا ہے لیکن اس سے بھی بہتر پرفارم نہیں ہو رہا کیونکہ شاید نئے کپتان میں یہ صلاحیت ہی نہیں کہ وہ اُس کے آرٹ سے پوری طرح استفادہ کرسکے یا پھر کپتان اس بات سے خوفزدہ ہے کہ شاہ سمیت کچھ اہم کھلاڑیوں کی اگر ذاتی پرفارمنس بہتر ہوئی تو میری کپتانی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
اب ضرورت اس بات کی ہے کہ کپتان سمیت جس کھلاڑی کی کارکردگی خراب ہے اُس کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو چانس دیا جائے جس کے پاس بہتر سٹیٹرجی ہو۔ پٹے ہوئے کھلاڑیوں کی بار بار پوزیشن بدل کر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو پائیں گے۔ آخر ملک کی اس لیول پر نمائندگی بڑے اعزاز کی بات ہے۔
آفریدی کو بھی عمران کی ناکامی سے سیکھنا چاہئیے کہ صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا۔ شائقین پہلے ہی عمران کی ناقص کارکردگی دیکھ چکے ہیں۔
اس میچ میں تھرڈ ایمپائر کے غلط فیصلے نے جو معاملات اس نہج پر پہنچائیں ہیں اس کا کوئی تو علاج نکالنا پڑے گا فی الحال تو ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے کلب لیول کی ٹیم میدان میں ہے اور مزید پھینٹا لگے گا۔
غالبا پلان سی کے سوائے پاکستان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچا!
————————————
یہ کالم پاکستان آسٹریلیا سیریز 2019 کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام کے بعد لکھا گیا ہے۔
یہ ایک غیر سیاسی کالم ہے۔ کوئی بھی مماثلت محض اتفاقیہ ہو گی۔
باسط سبحانی کا کرکٹ شو انکا یو ٹیوب چینل سبسکرائب کر کے دیکھ سکتے ہیں
www.youtube.com/basitsubhani