کوالالمپور کانفرنس: ترکی کے بعد سعودی جواب
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ کوالالمپور کانفرنس میں پاکستان کو دھمکی دے کر شرکت سے روکنے کی خبر غلط ہے۔
اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے سے جاری بیان میں مقامی میڈیا میں چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ”پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہے۔“
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو۔اس لیے کہ یہ گہرے سٹریٹیجک بنیاد پر تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔‘
جمعے کو ذرائع ابلاغ نے یہ خبر دی تھی کہ ترک صدر نے پاکستان کی ملائیشیا کانفرنس میں عدم شرکت کو سعودی عرب کی دھمکی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کے بعد اچانک کوالالمپور کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔
اس کانفرنس میں ترک و ایرانی صدور کے علاوہ قطر کے امیر نے بھی شرکت کی تھی جبکہ انڈونیشیا نے سعودی دباؤ کے بعد اپنا نمائندہ بھیجا تھا۔