کھیل

پاکستان کی دس سال بعد ہوم سیریز میں جیت

دسمبر 22, 2019 2 min

پاکستان کی دس سال بعد ہوم سیریز میں جیت

Reading Time: 2 minutes

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن سری لنکا کے آخری تین بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے، 212 رنز پر ٹیم پویلین لوٹی اور یوں پاکستان نے 263 رنز سے میچ جیت لیا۔ عابد علی کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے سری لنکا کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سپنر یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 555 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئرڈ کر دی تھی اور سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 476 رنز کا ہدف ملا تھا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کے چار بلے بازوں نے سینچریاں سکور کیں۔ کپتان اظہر علی نے 118 اور بابر اعظم نے 100 ناؤٹ آؤٹ بنائے۔ ان سے قبل اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچریاں سکور کیں۔

عابد علی 174 جبکہ شان مسعود نے 135 رنز سکور کیے۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 278 رنز بنے جبکہ پاکستان کی دوسری وکٹ 355 رنز پر گری۔

اپنی پہلی اننگز میں میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم 271 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ سری لنکا کو پاکستان پر 80 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

پاکستان کی پوری ٹیم میچ کے پہلے دن 191 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں بھی مشکلات کا شکار رہی مگر آخری وکٹ کی شراکت داری میں وشوا فرنینڈو اور دلروون پریرا نے 48 رنز جوڑے اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز عابد علی اور شان مسعود نے کیا تھا۔ دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے