عراق سے امریکی فوج نکالنے کا مطالبہ
Reading Time: 2 minutesعراق کی پارلیمنٹ کے اراکین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں موجود ہزاروں امریکی فوجیوں کو نکلنے کا حکم دیا جائے۔
اتوار کو پارلیمنٹ کے اراکین نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ملکی مداخلت کو ختم کریں۔
عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور عراقی حکومت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
عراق میں قائم مختلف ایئر بیسز پر 52 سو کے قریب امریکی فوجی موجود ہیں جن کا مقصد داعش کو دوبادہ سر اٹھانے سے روکنے کے لیے عراقی فوج کی مدد کرنا بتایا جاتا ہے۔
عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کو عراقی حکومت نے داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے 2014 میں مدعو کیا تھا۔
عراق کی وزارت خارجہ نے امریکی سفارت کار کو طلب کر کے جنرل سلیمانی کے قتل پر احتجاج کیا، جبکہ نگران وزیراعظم عدل عبدل مہدی نے ہنگامی پارلیمانی اجلاس طلب کرکے امریکی حملے کو ’سیاسی قتل‘ قرار دیا۔
اسمبلی کے سپیکر محمد ہلبوسی نے کہا کہ ’پارلیمنٹ نے امریکی فوجیوں کی عراق میں داعش کے خلاف لڑنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کو دی گئی درخواست واپس لینے کے لیے ووٹ دیا ہے۔‘
نگران عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس دو آپشنز ہیں، ہم فوری طور پر غیرملکی افواج کو نکالنے کے لیے ووٹ کریں یا پارلیمانی طریقے سے ان کی عراق میں موجودگی کے جواز کا دوبارہ جائزہ لیں۔‘
عراق میں ایران کی حمایت یافتہ حشد الشعبی فورس سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ تمام غیر ملکی فوجیوں کو فوری طور پر عراق سے نکالا جائے۔
حشد الشعبی کے کارکنوں نے گذشتہ ہفتے بغداد میں امریکی سفارت خانے کا محاصرہ کر کے احتجاج کیا تھا۔
واضح رہے کہ عراق میں امریکی قیادت میں سرگرم اتحادی افواج نے ممکنہ حملوں کے پیش نظر اپنے آپریشنز محدود کر دیے ہیں۔
عراق کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’امریکی سفارت کار میتھیو ٹیولر کو طلب کر کے حملے کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ عراق کی خود مختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے اور یہ بین الاقوامی اتحاد کے مشن کے بھی خلاف ہے۔‘
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’اس حوالے سے اقوام متحدہ کو بھی شکایت درج کروائی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قاسم سلیمانی کی موت کو ایک ’قتل‘ سمجھ کر اس کی مذمت کرے۔‘