اہم خبریں

کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکتیں، غفلت برتنے والے مزید 13 اہلکار برطرف

جنوری 28, 2025 < 1 min

کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکتیں، غفلت برتنے والے مزید 13 اہلکار برطرف

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔‘

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے منگل کو اسلام آباد میں اردلی روم کا انعقاد کیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے اردلی روم میں گذشتہ ماہ کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی پر سماعت کی۔

مراکش کشتی حادثے میں ملوث ایک انسپکٹر، دو سب انسپکٹرز، دو ہیڈ کانسٹیبلز اور آٹھ کانسٹیبلز کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا جبکہ تین کانسٹیبلز کی ترقی روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

سزا پانے والے اہلکار فیصل آباد ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔ اس سے قبل بھی کشتی حادثات میں ملوث 37 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ کیا جا چکا ہے۔

اس موقعے پر ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا تھا کہ ’غفلت اور بے پروائی برتنے والے اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
’کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا،غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ادارے میں احتسابی عمل سے ہی انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ غفلت برتنے والے افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے