عراق: امریکی اڈوں پر ایرانی میزائل حملے
Reading Time: < 1 minuteایرانی سپاہ پاسداران نے عراق میں واقع تین امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کا دعوی کیا ہے جبکہ پینٹاگون نے دو اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ فی الوقت سب ٹھیک ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کیے جانے والے ان حملوں کی براہ راست نگرانی ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کی۔
نشانہ بنائے جانے والے امریکی اڈوں کے نام عین الاسد، اربیل اور التاجی بتاے گئے ہیں تاہم حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں اطلاعات نہیں ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان نے دو امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق ریڈار سسٹم سے بروقت معلوم ہو جانے پر دونوں اڈوں کو فوجیوں سے خالی کرالیا گیا تھا۔
انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوجی اڈوں کو 12 بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہم نے امریکا کو مناسب جواب دے دیا ہے، جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتے۔
ایرانی حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امریکا سمیت کئی ملکوں کی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔