طیارے کو میزائل نہیں لگا، ایران
Reading Time: < 1 minuteایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ علی عابد زادہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن کے مطابق یوکرینی مسافر بردار طیارہ غلطی سے ایرانی میزایل کا نشانہ بن کر تباہ ہوا ہے۔
علی عابد زادہ نے جمعے کو تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں زور دے کر کہا کہ یہ بات طے شدہ ہے کہ طیارہ کسی میزایل کا نشانہ نہیں بنا۔ عابد زادہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات کا عمل طویل ہوسکتا ہے اور بلیک باکس میں ریکاڈ پیغامات کی تحقیق و تفتیش میں ایک یا دو سال لگ سکتے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل امریکی صدر سمیت برطانوی اور کینیڈین وزیراعظم کی طرف سے دعوی کیا گیا تھا کہ ان کے پاس ایسی انٹیلی جنس رپورٹس ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ یوکرینی طیارے کو ایرانی میزایل نے غلطی سے نشانہ بنایا ہے۔
علی عابد زادہ نے بلیک باکس کے ریکارڈ تک رسائی کو طیارے کی تباہی کے حقیقی اسباب جاننے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں روس ، فرانس اور کینیڈا سے معاونت کی درخواست کی جاے گی۔
ادھر ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی ماہرین کی موجودگی میں بلیک باکس کھولے جائیں گے۔
ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ علی عابد زادہ نے کہا ہے کہ اگر امریکا کے پاس طیارے کے ایرانی میزائل سے تباہ ہونے کے حوالے سے کوی ثبوت ہیں تو اسے چاہیے کہ وہ انہیں منظرعام پر لائے۔